ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دگ وجے سنگھ بولے، 2019 میں واپس آنے کے لئے پاکستان سے جنگ کر سکتے ہیں مودی

دگ وجے سنگھ بولے، 2019 میں واپس آنے کے لئے پاکستان سے جنگ کر سکتے ہیں مودی

Mon, 17 Apr 2017 11:19:10    S.O. News Service

جودھپور،16؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس جنرل سکریٹری دگ وجے سنگھ کے بیان اکثر انوکھے ہوتے ہیں لیکن اس بار ان کے الفاظ کے تیر سرحد پار بھی اثر ڈال سکتے ہیں۔ دگ وجے سنگھ کا کہنا ہے کہ مودی 2019 کے عام انتخابات جیتنے کے لئے پاکستان کے ساتھ جنگ بھی کروا سکتے ہیں۔ایک نجی تقریب میں شرکت کے لئے جودھپور پہنچے دگ وجے سنگھ نے الزام لگایا کہ ملک کو پاکستان سے جنگ میں جھونکنے کے لئے ماحول بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت لوگوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کر رہی ہے، لہذا اس کے پاس الیکشن جیتنے کا دوسرا راستہ نہیں بچا ہے۔ ایسے حالات میں مودی حکومت پاکستان کے ساتھ جنگ بھی لڑ سکتی ہے۔ 2019 کے انتخابات سے پہلے اسی طرح کا ماحول بنایا جا رہا ہے۔

گزشتہ سال اگست میں بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے بھی کچھ ایسا ہی الزام لگایا تھا۔ اعظم گڑھ میں ایک جلسہ عام کے دوران مایاوتی نے کہا تھا کہ مودی حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے پاکستان کے ساتھ جنگ لڑ سکتی ہے۔

دگ وجے سنگھ یہیں نہیں رکے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے اس دعوے پر بھی سوال اٹھایا کہ ای وی ایم سے چھیڑ چھاڑ ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ ان سے ایک ایسا شخص ملا تھا، جس نے 2 کروڑ روپے کے بدلے میں ایک اسمبلی انتخابات کے نتائج بدلنے کی پیشکش کی تھی۔ اس سے پہلے کئی کانگریسی لیڈروں کے ساتھ بی ایس پی، سماجوادی پارٹی اور عام آدمی پارٹی بھی ای وی ایم پر سوال اٹھا چکے ہیں۔


Share: